اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق کي وزارت دفاع نے اعلان کيا ہے کہ شہر بيجي کا مرکزي علاقہ پوري طرح عراقي افواج کے کنٹرول ميں آچکا ہے - عراقي وزرات دفاع کے مطابق عراقي افواج نے بيجي کمشنري کي عمارت پر عراق کا پرچم لہرا ديا ہے -
دوسري طرف صوبہ الانبار کي انتظاميہ نے بھي الرمادي کے مغرب ميں واقع علاقے ہيت ميں عراقي افواج کي پيشقدمي کي اطلاع دي ہے - اس رپورٹ کے مطابق عراقي فوج نے عوامي رضاکاروں اور قبائلي لشکر کے تعاون سے ہيت کے بہت سے علاقے داعش سے واپس لے لئے ہيں -
اسي کے ساتھ عراق کے نائب صدر نوري المالکي نے کہا ہے کہ عراق ميں داعش کا کوئي مستقبل نہيں ہے - انہوں نے کہا کہ عراقي افواج اپنے ملک سے داعش کے دہشتگردوں کو نکال کے دم ليں گي - نوري المالکي نے کہا کہ داعش کے عناصر نے شام سے اپني دہشتگردي کا آغاز کيا اور اس وقت بھي عراق ميں اپني کارروائيوں کے لئے شام کي سرزمين سے فائدہ اٹھاتے ہيں- انہوں نے کہا کہ داعش کے فتنے سے نجات پانے کے لئے عراق اور شام دونوں ملکوں سے ايک ساتھ ان کو نکالناضروري ہے -
عراقي پارليمنٹ کے سربراہ سليم الجبوري نے بھي صوبہ الانبار کي عين الاسد نامي فوجي چھاؤني ميں قبائلي لشکر اور عوامي رضاکار فورس کے جوانوں سے خطاب ميں ، داعش کے مقابلے ميں ان کي مجاہدت کو قابل تعريف بتايا - سليم الجبوري نے صوبہ الانبار کے بعض علاقوں پر داعش کا قبضہ ہونے کے بعد اس صوبے کے لوگوں کي مہاجرت کي طرف اشارہ کيا اور کہا کہ اميد ہے کہ عراقي فوج ، قبائلي لشکر اور عوامي رضاکارفورس کي مشترکہ کاوشوں کے نتيجے ميں اس علاقے کے عوام بہت جلد اپنے شہروں ميں واپس آئيں گے -
عراق کي سپريم اسلامي کونسل کے سربراہ عمار حکيم نے بھي داعش کے مقابلے ميں عراقي افواج کي کاميابيوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے سياسي جماعتوں کا اتحاد بھي ضروري ہے -
ادھر کردستان کي مقامي انتظاميہ کے سربراہ مسعود بارزاني نے کردستان کو داعش کي وجود سے جلد ازجلد پاک کرنے کي ضرورت پر زو ر ديا ہے -
مسعود بارزاني نے خانقين سيکٹر پر داعش کے خلاف جنگ ميں مصروف پيشمرگہ مليشيا کے ايک مرکز ميں کرد مليشيا کے کمانڈروں سے ملاقات ميں کہا کہ داعش کو پورے ملک ميں مسلسل شکست ہورہي ہے ، کردستان سے بھي اس کے دہشتگردوں کو نکال باہر کرنے ميں کسي بھي کوشش سے دريغ نہ کيا جائے - انہوں نے اس ملاقات کے بعد اميد ظاہر کي کہ السعديہ اور جلولا کو بہت جلد داعش کے قبضے سے آزاد کراليا جائے گا -
اسي کے ساتھ عراقي کردستان کي انتظاميہ کے رکن فواد حسين نے پيشمرگہ مليشيا کو عراق کے قومي دفاعي ڈھانچے کا حصہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پيشمرگہ کے جوان کردستان کي جو عراق کا حصہ ہے حفاظت کررہے ہيں-
يہ ايسي حالت ميں ہے کہ پورے عراق ميں داعش کو مسلسل شکستوں کا سامنا ہے اورگزشتہ ايک ہفتے ميں اس تکفيري دہشتگرد گروہ کے سيکڑوں افراد مارے جا چکے ہيں –
.......
/169